Monday 18 February 2013

back to home?

میں گھر واپس آ رہا ہوں
ابھی تو گیا ہے، اتنی جلدی چھٹی مل جائے گی دوبارہ؟
میں پکا پکا واپس آ رہا ہوں؟
خیریت؟ وہاں دفتر میں سب ٹھیک ہے نا؟
ہاں سب ٹھیک ہے بس میرا دل نہیں لگتا یہاں۔
ہر چوتھے دن تجھے یہ دورہ پڑا وا ہو۔ یہاں آئے گا تو کیا ہے یہاں دل لگانے کو؟ بجلی ، پانی ، گیس کچھ بھی تو نہیں۔ اور تو اور اب تو موبائل بھی بند رہنے لگ گئے۔ سی این جی کو دیکھ لو، اور سی این جی ہی کیا پٹرول تک نہیں ملتا، پیسے بھی دو اور جوتے بھی کھاؤ۔ تجھے وہاں کوئی تکلیف نہیں ہے اس لئے تیرا ”دل نہیں لگ رہا“ وہاں۔ ساری باتیں چھوڑ یہ بتا کیا کرے گا یہاں آ کے؟ بھول گیا کس طرح جوتیاں گھسائی تھیں؟ مل گئی تھی نوکری؟
جو باقی سب کر رہے ہیں میں بھی وہی کر لوں گا
باقی سارے تو رو رہے ہیں تو بھی آ کے رونا ڈال لے۔ ہسپتال میں جاؤ تو ڈاکٹر نہیں ملتا۔ پرائیویٹ دکھا کر فیسیں بھرو، انکی جیبیں گرم کرو اور پھر بھی کتوں والا سلوک کرواؤ۔ تو تھا نہیں یہاں؟ تیرے سامنے کی بات نہیں ہے؟ یا وہ سب بھی بھول گیا ہے؟
آپ لوگ بھی تو رہ رہے ہیں نا وہاں سکون سے
کیونکہ ہمارے گھر کا ایک فرد ”وہاں“ بے سکون رہ رہا ہے اس لئے ہم ”یہاں“ سکون سے رہ رہے ہیں
کس سے گرما گرمی ہو رہی ہے بھئی کیوں اتنی اونچی آواز کر رہے ہو؟ کون ہے ادھر؟
خود ہی پوچھ لیں
مجھے کیوں نہیں بلایا؟
آپ باہر گئے ہوئے تھے
ارے بھئی نوید کی دکان پر تھا اور کہاں جانا تھا میں نے؟ لاؤ میری بات کراؤ
ہاں بھئی بیٹا جی سناؤ کیا حال ہے۔ کیا بات ہوئی؟
کچھ نہیں بس سوچ رہا تھا کہ پاکستان واپس آ جاؤں ، یہاں دل نہیں لگتا
جگ جگ آؤ بیٹا جی۔ اس سے اچھی کیا بات ہو سکتی ہے
میں نے سوچا آپ سے مشورہ کر لوں
بیٹا جی وہاں کے حالات تو تجھے ہی پتہ ہیں اور اپنے دل کے بھی۔ مشورہ کر لے جس سے کرنا ہے، اچھی طرح سوچ لے اور پھر فیصلہ کر۔ نو رگریٹس لیٹر آن۔ رزق رب نے لکھ دیا سب کا۔ وہاں بھی مل رہا ہے یہاں بھی ملے گا۔ تو نے وہاں جا کر اپنے دل کی تو پوری کر لی نا۔ دل مطمئن ہے یہ سب سے بڑی بات ہے۔
یہ نو رگریٹس پالیسی ابوجی نے بچوں کو سکھانے کی کبھی فارمل کوشش نہیں کی تھی۔ بس انکو دیکھ دیکھ کر ہی سب (یا کم از کم اس) نے خود ہی سیکھ لی تھی۔
لے تیری امی آ گئیں، ان سے بھی بات کر لے
(امی تک اسکی واپسی کی خبر کسی ذریعے سے پہنچ ہی چکی تھی اور اسے سنے بغیر ہی بولیں)
واقعی واپس آ را ؟
(اسکی ہمیشہ سرپرائز واپسی نے انہیں اسکی آمد کی خبر بارے بے یقین رکھا، اس نے کبھی گھر والوں کو اپنی آمد بارے اطلاع یا درست اطلاع نہیں دی۔ اگرکبھی آنے کا پوچھیں تو ہمیشہ جھوٹ کہہ دیتا ۔ ابھی مشکل ہے، ابھی تو دو مہینے تک چھٹی ملنا مشکل ہے، عید سے پہلے نا ممکن ہے، اب سال میں صرف دو دفعہ چھٹی مل سکے گی، ساری چھٹیاں ختم کر کے ہی تو آیا تھا اس دفعہ، عجیب عجیب بہانے اور پھر ایک دم سے سرپرائز وزٹ۔ پتہ نہیں اسے کیوں نا پسند ہے کہ کوئی اسے ائرپورٹ پر لینے یا چھوڑنے آئے۔ آؤ بھگت سے بندہ اپنے ہی گھر میں مہمان مہمان سا فیل کرتا ہے نا؟ سرپرائز وزٹ ایسی مداراتوں سے کافی بچت کرا دیتا ہے۔ اور اس سب سے بڑھ کر، کچھ چہروں کی خوشی اور بشاشت دیکھنے لائق ہوتی ہے۔ )
واقعی واپس آ را نا؟ جمعے کو آتی ہے نا فلائیٹ؟ ٹھیک ہے کل کلیجی پکانے کا سوچ رہی تھی اب جمعے کو ہی پکاؤں گی۔ اچھا ہوا پہلے بتا دیا، تُو تو اب مرچیں بہت ہی کم کھاتا ہے، تیرے حساب سے بناؤں گی
وہ جوابا یہ بھی نہ کہہ سکا کہ میں تو صرف سوچ رہا تھا، مشورہ کر رہا تھا۔
نہیں اس جمعے کو تو نہیں۔ اتنی جلدی نہیں آ سکتا۔ وائنڈ اپ کرنے میں کچھ ہفتے تو لگیں گے ہی۔ پتہ نہیں آفس والے چھوڑیں گے بھی کہ نہیں۔ میں آنے سے پہلے بتا دوں گا۔
وہ جو ہار ماننے والوں میں سے نہ رہا ہو، جسکی فطرت میں بحث کرنا، دلیلیں دینا اور دوسروں کو زچ کرنا محبوب مشاغل ہوں، اسکے لئے بات کرنا مشکل ہو گئی۔ لفظ حلق سے ضد باندھنے لگے تھے۔ اب کسی کو انسان کیا بتائے کہ کیوں واپس آنا چاہتا ہے؟ کمزور لگتا ہے نا بندہ ایسی باتوں سے؟ اور مضحکے کا ڈر الگ۔
میں بعد میں بات کروں گا۔ ابھی ایک دوست باہر آیا کھڑا ہے، کھانا کھانے کے لئے جانے لگے تھے تو سوچا بات کر لوں پہلے۔ اللہ حافظ
اور اب وہ سوچ رہا ہے کہ کیا وہ واقعی سب بھول گیا ہے؟ وہ ذلت اور بے بسی کا احساس جو انہوں نے اپنے باپ کے علاج کے لئے ڈاکٹروں کے ہاتھوں اٹھائے؟ بے روزگاری کے ہاتھوں مجبور شخص کے تجربے کو ایکسپلائیٹ کرنے کی آجرانہ کوششیں؟ بجلی پانی گیس موبائل کی اسے پہلے فکر تھی نہ اب ہے، لیکن کیا وہ یہ سیکھنے کے لئے ابھی تک اتنا میچور بھی نہیں ہوا تھا کہ اسکے دیس میں ان جیسوں کو صرف ذلت ملتی ہے اور عزت نفس پیسے دے کر بھی نیلام ہی کرانی پڑتی ہے؟ اسے کچھ نہیں بھولا تھا، سب یاد تھا ، تمام جزئیات سمیت، تمام حقائق اور دلیلوں کے ساتھ۔ پھر وہ شخص جو اب تک اس شہر سے تو کیا اپنے آپ سے بھی بھاگتا رہا ہو وہ گھر واپس کیوں آنا چاہے گا؟
کیونکہ اسکی بھی ماں ہے، اور وہ اسے یاد آتی ہے۔ وہ دونوں ایک دوسرے کو مس کرتے ہیں۔
ہونہہ پوؤر کڈ ، ہاؤ فنی


thanks to daffer ka blog  for this  story.

No comments:

Post a Comment

غیر اخلاقی تبصرے حذف کر دیے جائیں گے اپنا نام ضرور لکھیں تاکہ جواب دینے میں آسانی ہو